ٹرمپ کی سپریم کورٹ کے فیصلے سے فائدہ اٹھانے والوں پر مزید ٹیرف کی دھمکی

واشنگٹن(ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد مختلف ممالک پر مزید ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔اپنے سوشل میڈیا بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جو بھی ملک سپریم کورٹ کے ’’مضحکہ خیز فیصلے‘‘ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا، اس پر مزید بھاری ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک برسوں یا دہائیوں سے امریکا کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اگر وہ اس فیصلے کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کریں گے تو انہیں حالیہ طے شدہ ڈیوٹی سے کہیں زیادہ سخت محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بطور صدر انہیں ٹیرف کی منظوری کے لیے کانگریس جانے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹس نے جمعہ کو فیصلہ دیا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے عائد کی گئی ہنگامی تجارتی ڈیوٹیاں غیر قانونی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ جس قانون کے تحت اضافی ٹیرف نافذ کیے گئے وہ قومی ایمرجنسی کے لیے مخصوص ہے اور صدر نے اس کا اطلاق کرتے ہوئے اختیارات سے تجاوز کیا۔یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے چین، بھارت، پاکستان اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کیے تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گلوبل ٹیرف پالیسی ٹرمپ کی خارجہ حکمت عملی اور معاشی ایجنڈے کا مرکزی حصہ رہی ہے، جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو ان کے دوسرے دورِ صدارت کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔