ٹرمپ کے ٹیرف سے بھارتی برآمدات کا 55 فیصد متاثر — نئی دہلی کا ردعمل

نئی دہلی(رائٹرز )بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ امریکا کو بھیجی جانے والی تقریباً 55 فیصد برآمدات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ اضافی ٹیرف کے تحت آ جائیں گی۔

رائٹرز کے مطابق، روس سے تیل کی خریداری پر بطور سزا عائد کیے گئے 25 فیصد اضافی ٹیرف کے بعد امریکی منڈی میں بھارتی برآمدات پر مجموعی ڈیوٹی 50 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو امریکی تجارتی شراکت داروں پر عائد بلند ترین شرحوں میں سے ایک ہے۔

بھارتی جونیئر وزیر خزانہ پنکج چوہدری نے پارلیمان میں بتایا کہ حکومت برآمد کنندگان اور صنعت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس صورتحال پر ان کی رائے لی جا سکے۔

6 اگست کو ٹرمپ کے اعلان کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کیا کہ زرعی شعبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 8 اگست کو بھارتی عہدیداروں نے تصدیق کی کہ امریکا سے نئے ہتھیار اور طیارے خریدنے کے منصوبے معطل کر دیے گئے ہیں، جو دہائیوں میں پہلی بار دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ کی علامت ہے۔

گزشتہ مالی سال میں بھارت اور امریکا کے درمیان تجارت کا حجم تقریباً 87 ارب ڈالر رہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں