تل ابیب میں ٹرک کی اسرائیلی فوجیوں کی بس کو ٹکر سے 50 فوجی زخمی ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق واقعہ موساد کے ہیڈکوارٹرز کے قریب پیش آیا جہاں بس اسٹاپ پر تیزرفتارٹرک نے فوجیوں کی بس کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں متعدد فوجی زخمی ہو گئے۔بتایا جارہا ہے کہ زخمیوں میں 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ متعدد فوجی ٹرک کے نیچے دبے ہوئے ہیں جب کہ طبی ماہرین اور امدادی کارکن مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ایک سیکورٹی ہیلی کاپٹر اوپر منڈلا رہا ہے۔
یروشلم پوسٹ نیوز ویب سائٹ نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جائے وقوعہ پر موجود شہریوں نے ٹرک ڈرائیور کو روکنے کیلئے اسے گولی مار دی۔اسرائیل میں جافا سے تعلق رکھنے والے صحافی عابد ابو شھدے نے الجزیرہ کو بتایا کہ ٹرک ڈرائیور شمالی تل ابیب سے تعلق رکھنے والا فلسطینی شہری ہے۔انہوں نے کہا جن شہریوں نے اس واقعے کو دیکھا، انہوں نے جیسے ہی ڈرائیور کو دیکھا کہ وہ کون تھا اسے مار ڈالا۔