ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) —گلوکارہ آئمہ بیگ اور ان کے شوہر و فیشن ڈیزائنر زین احمد نے علیحدگی کی خبروں کے بعد سوشل میڈیا پر مبہم وضاحتیں پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹس میں تکنیکی مسئلہ پیدا ہوگیا تھا۔
گزشتہ روز زین احمد کی جانب سے آئمہ بیگ کو انسٹاگرام پر ان فالو کرنے اور شادی کی تصاویر حذف کرنے کے بعد ان کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی افواہیں سوشل میڈیا پر پھیل گئیں۔
ادھر آئمہ بیگ نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک غیر واضح پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ “آپ سب صحیح کہہ رہے ہیں، لیکن انہیں دوسروں کو سننا چاہیے تھا۔” اس مبہم پیغام نے شائقین میں مزید قیاس آرائیاں پیدا کر دیں۔
بعد ازاں زین احمد نے انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت دی کہ ان کے اکاؤنٹ میں سیکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوا تھا، جس کے باعث چند پوسٹس آرکائیو ہو گئیں اور شادی کی تصاویر عارضی طور پر غائب ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو ان کے اکاؤنٹ سے بِٹ کوائن یا دیگر غیر متعلقہ پیغامات موصول ہوئے ہوں تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں، ساتھ ہی بتایا کہ انہوں نے پاس ورڈ تبدیل کر کے اکاؤنٹ بحال کرلیا ہے۔
زین احمد کی وضاحت کے بعد ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی تصاویر دوبارہ ظاہر ہو گئیں، تاہم دونوں نے علیحدگی کی خبروں کی تردید یا تصدیق سے گریز کیا۔واضح رہے کہ آئمہ بیگ اور زین احمد نے اگست 2025 میں شادی کی تصدیق کی تھی، دونوں کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات تھے۔

