ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)— قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، ٹورنٹو میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں قونصل جنرل پاکستان خلیل احمد باجوہ، رکنِ پارلیمنٹ شفقت علی، رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد اور رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد ،شیرف صباوی اور بنٹی جٹ سمیت ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور کینیڈا کے پرچموں سے سجی عمارت، ملی نغموں اور روایتی ماحول نے شرکاء کے جوش و خروش کو دوبالا کر دیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ بچوں اور نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کیے اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے والے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔ تقریب میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور کیک کاٹاگیا۔
“قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ ”
قونصل جنرل خلیل احمد باجوہ نے اپنے خطاب میں پاکستان کے قیام کی جدوجہد، بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور آج کے نوجوانوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کینیڈا اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔

“ایم پی شفقت علی کا پیغام”
آج پاکستان کا 78واں یومِ آزادی ہے۔یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد شہری آج ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل خانے میں اس خاص دن کو یکجا ہو کر منا رہے ہیں۔کینیڈا اور پاکستان کے درمیان ایک دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلق قائم ہے۔ دعا ہے کہ یہ تعلق مزید مضبوط ہو، اور آپ سب کو یومِ آزادی مبارک ہو۔
“ایم پی سلمیٰ زاہد کا اظہارِ خیال”
رکنِ پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد نے کہا کہ یومِ آزادی نہ صرف خوشی بلکہ عہدِ وفا کا دن ہے۔ انہوں نے پاکستان میں خواتین کی ترقی، تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے مواقع پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی خواتین کمیونٹی لیڈرشپ اور سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔
“ایم پی اقراء خالد کی تقریر”
رکنِ پارلیمنٹ اقراء خالد نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے عوام کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی روابط ایک مضبوط پل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے ماضی پر فخر اور مستقبل کیلئےامید دلاتی ہے۔ اقراء خالد نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ جدید مہارتیں سیکھیں اور کمیونٹی میں قائدانہ کردار ادا کریں۔

