ٹورنٹو (نامہ نگار) ٹورنٹو کی میئر اولیویا چاؤ نے شہر میں مقیم مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنٹو ایک متنوع اور متحرک مسلم برادری کی موجودگی سے خود کو خوش نصیب سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنٹو میں بہت سے خاندان ایسے ہیں جو دنیا کے مختلف حصوں میں جنگ، ظلم و ستم اور مشکلات سے بچ کر یہاں آئے۔ آج جب ہم رمضان کی خوشیاں منا رہے ہیں تو ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ایسے ہیں جو اس مقدس مہینے کو امن کے ساتھ منانے سے محروم ہیں۔
اولیویا چاؤ نے واضح کیا کہ بطور میئر وہ دو ٹوک اعلان کرتی ہیں کہ اسلاموفوبیا کیلئےاس شہر میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے یکجہتی کے اظہار کے طور پر رمضان میں ایک دن روزہ رکھنے اور سیکھنے و غور و فکر کرنے کے عزم کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہر فرد خود کو دیکھا گیا، قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور محفوظ محسوس کرے، یہی وہ وقت ہوتا ہے جب ٹورنٹو سب سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔میئر نے دعا کی کہ یہ مہینہ امن، غور و فکر اور نئی امید کا پیغام لے کر آئے اور ایک بار پھر تمام شہریوں کو رمضان مبارک کہا۔

