ٹورنٹو (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر چودھری جاوید گجر نے پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز کے عملے کی سیاسی پناہ سے متعلق گردش کرنے والی خبر کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
چودھری جاوید گجر نے کہا کہ یہ خبر نہ صرف جھوٹی ہے بلکہ پاکستان دشمنی پر مبنی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی ایئرلائن اور پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی آئی اے کا کوئی بھی عملہ سیاسی پناہ کی درخواست نہیں دے رہا اور اس قسم کی افواہیں عوام میں غلط تاثر پیدا کرنے کے علاوہ کسی مقصد کی تکمیل کے لیے پھیلائی گئی ہیں۔
انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ایسے جھوٹے اور بے بنیاد دعوؤں پر کان نہ دھریں اور قومی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے کی ہر کوشش کی مذمت کریں۔

