ٹورنٹو کی رہائشی ڈاکٹر نرالی پٹیل ایئر انڈیا حادثے میں جاں بحق، کینیڈا کی فضاسوگوار

ٹورنٹو، اونٹاریو (نمائندہ خصوصی) جمعرات کے روز بھارت میں پیش آنے والے المناک ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں 241 قیمتی جانوں کے ضیاع کی خبر پر کینیڈا بھر میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ان بدقسمت مسافروں میں ٹورنٹو کی ایک 32 سالہ خاتون ڈاکٹر نرالی پٹیل بھی شامل تھیں، جو اس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والی واحد کینیڈین شہری تھیں۔

ڈاکٹر نرالی پٹیل جن کا تعلق ایٹو بیکوک سے تھا بھارت کے ایک مختصر دورے کے بعد بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر پر سوار ہو کر کینیڈا واپس لوٹ رہی تھیں کہ پرواز کے فوراً بعد طیارہ ایک کالج کے ہاسٹل کی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔

ڈاکٹر پٹیل نے 2016 میں بھارت سے دندان سازی کی تعلیم مکمل کی اور 2019 میں کینیڈا میں لائسنس یافتہ ہوئیں۔ وہ مسّی ساگا کے ایک معروف ڈینٹل کلینک میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔

پسماندگان میں ان کا شوہر اور ایک سالہ بچہ شامل ہیں جنہیں یہ صدمہ ناقابلِ برداشت اندوہ میں مبتلا کر چکا ہے۔ ان کا سوگوار خاندان برامپٹن میں مقیم ہے اور آخری رسومات کے انتظامات کیلئےبھارت روانگی کی تیاری کر رہا ہے۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا”ہم ڈاکٹر نرالی پٹیل کی ناگہانی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا جانا نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ ہماری طبی برادری کا بھی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ہماری دعائیں ان کے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔”

کینیڈین دفتر خارجہ نے بھارت میں موجود اپنے سفارتی عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی حکام سے رابطے میں رہتے ہوئے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قونصلر معاونت فراہم کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں