ٹیم پاکستان اپنا تیسرا میچ کل کینیڈا کے خلاف کھیلے گی

ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم پاکستان اپنا تیسرا میچ کل نیو یارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔

کرکٹ کے میگا ایونٹ میں ’اِن‘ رہنے کےلیے پاکستان کو نہ صرف اپنے اگلے دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں بلکہ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف شکست بھی لازمی ہے۔
اگر امریکا کسی بھی طرح مزید ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تو پاکستان کےلیے ایونٹ پہلے مرحلے میں ہی ختم ہو جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، پہلے میچ میں امریکا سے سُپر اوور میں شکست کھائی۔ پھر روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹیم پاکستان 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان ٹیم کو اب اپنے تیسرے میچ میں کل کینیڈا کا سامنا کرنا ہے، جو امریکا سے ہائی اسکورننگ میچ میں شکست کے بعد آئرلینڈ کو 12 رنز سے ہرا چکا ہے۔

پاکستان کو سپر ایٹ تک رسائی کےلیے صرف کینیڈا کو ہی نہیں ہرانا بلکہ آخری گروپ میچ میں آئرلینڈ کو بھی شکست دینا ہوگی، ساتھ میں رن ریٹ بھی بڑھانا ہوگا۔

اس کے باوجود پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی کا دار و مدار امریکا کی باقی دونوں میچزمیں شکست پر ہو گا، اسے بھارت اور آئرلینڈ دونوں سے ہارنا ہوگا۔

کوئی میچ بارش کی نذر بھی ہوا تو پاکستان کی چھٹی پکی ہو جائے گی کیونکہ امریکا کو سپر ایٹ تک رسائی کے لیے صرف ایک پوائنٹ کی ضرورت ہے۔

اگر بھارت اور آئرلینڈ دونوں نے امریکا کو ہرا دیا تو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 16 جون کو ہونے والا میچ انتہائی اہمیت اختیار کر جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں