ٹیکساس (ایجنسیاں)امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر اوڈیسا میں 15 سالہ لڑکے نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کی ماں اور اس کے دو کم عمر بہن بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
اوڈیسا پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی شام ایک اپارٹمنٹ میں پیش آیا جہاں پولیس کو فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر اہلکاروں نے گھر کے اندر تین افراد کی لاشیں دیکھیں۔ ملزم واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا جسے تقریباً 40 منٹ بعد گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس چیف مائیک گرکی کے مطابق یہ فائرنگ ’’سوچی سمجھی اور ٹارگٹڈ‘‘ تھی۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ لڑکا ابتدا میں اپنی سابق گرل فرینڈ کو اسکول کے باہر نشانہ بنانا چاہتا تھا، تاہم بعد میں اس نے اس کے گھر جا کر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم گھر میں داخل ہوا اور سب سے پہلے 39 سالہ جیسیکا روڈریگز، جو لڑکی کی والدہ تھیں، کو گولی مار کر قتل کیا۔ اس کے بعد اس نے لڑکی کے 9 سالہ بھائی اور 13 سالہ بہن کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس چیف نے واقعے کو ’’انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ تشدد‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ واقعے کے وقت لڑکی گھر میں موجود تھی یا نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ لڑکی جسمانی طور پر محفوظ ہے مگر اس سانحے کے بعد یقیناً شدید صدمے کی کیفیت میں ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال ملزم کے محرکات ظاہر نہیں کیے گئے۔ 15 سالہ مشتبہ نوجوان پر ’’متعدد افراد کے قتل‘‘ کی دفعات کے تحت کیپیٹل مرڈر کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اسے ایکٹر کاؤنٹی یوتھ سینٹر میں حراست میں رکھا گیا ہے۔

