آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے ہرا دیا۔انگلینڈ نے 181 رنز کا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر 17.3 اوورز میں پورا کرلیا۔سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹاپ آرڈر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جانسن چارلس نے 38، نکولس پورن اور کپتان رومین پاول نے 36، 36 رنز اسکور کیے۔شرفین رادرفورڈ نے 28 رنز اور برینڈن کنگ نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، یوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 180 رنز اسکور کرسکی۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیونگ اسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 67 رنز پر گری جس کے بعد انگلینڈ نے آسانی کے ساتھ ہدف حاصل کرلیا۔انگلینڈ کے فل سالٹ 87 اور جونی بیرسٹو 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 42 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے کپتان جوش بٹلر نے ٹاس جیتنے کے بعد بتایا تھا کہ مارک ووڈ کو کرس جارڈن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔جوش بٹلر کا کہنا تھا کہ وکٹ بظاہر اچھی نظر آرہی ہے ہمیں ایک اچھے مقابلے کی توقع ہے.دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان رومین پاول کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ہی ترجیح دیتے۔واضح رہے کہ ایونٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابھی تک ناقابل شکست تھی۔
اشتہار
موسم کی صورت حال
More forecasts: Weather Johannesburg 14 days