ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل جیت کر بھارت نے کئی نئے ریکارڈ قائم کردیے

احمد آباد (سپورٹس ڈیسک) بھارت نے نیوزی لینڈ کو فائنل میں شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا اور اس کے ساتھ ہی کئی نئے ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیے۔نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کے بعد بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ تین مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ بھارت دنیائے کرکٹ کی پہلی ٹیم بھی بن گیا ہے جس نے مسلسل دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔اس کے علاوہ بھارتی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے، اس سے قبل کوئی میزبان ٹیم یہ اعزاز حاصل نہیں کر سکی تھی۔

فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی۔واضح رہے کہ بھارت نے پہلی مرتبہ 2007 میں جبکہ دوسری مرتبہ 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔