ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹ سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 36ویں اور ایونٹ میں اپنے آخری میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔ آئر لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 107 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے 19ویں اوور میں 7 وکٹیں گنوا کر حاصل کیا۔ فلوریڈا کے لاڈرہل میں کھیلے جانے والے میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آئرش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، تو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئر لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 106 رنز بنائے۔ گیرتھ ڈیلانے 31 جوش لٹل نے 22 اور مارک ایڈائر نے 15 رنز بنائے۔پاکستانی بولرز کے سامنے آئرلینڈ کے کھلاڑی بےبس نظر آئے اور اننگز کے پہلے اوور میں ہی شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں 2 وکٹیں آگئیں۔
صفر پر اینڈی بالبرنی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ پہلے اوور کی پانچویں گیند پر آئرلینڈ کو 2 کے اسکور پر لورکن ٹوکر کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا۔دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر محمد عامر کے حصے میں بھی اس وقت وکٹ آئی جب تین کے اسکور پر پال اسٹرلنگ بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ 15 کے اسکور پر گری جبکہ 28 پر اسے پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ چھٹے آؤٹ ہونے والے کارٹس کمفر تھے جو 7 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر 32 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔
جلدی وکٹیں گرنے کے باوجود بعد میں آئرلینڈ کے لوئر آرڈر اور ٹیل اینڈرز نے اپنی ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچادیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوور میں 22 رنز دے کر 3 وکٹیں، عماد وسیم نے 4 اوورز میں 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عامر نے 2 اور حارث رؤف نے 1 وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار نظر آئی اور اس کے 10 اوورز میں 62 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تاہم وکٹ کے ایک جانب کپتان بابر اعظم محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے نظر آئے۔وکٹ کی دوسری جانب پہلے عباس آفریدی نے ذمہ دارانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے بابر کا ساتھ دیا اور ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا پھر شاہین آفریدی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو فینشنگ لائن کے پار پہنچادیا۔پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے 34 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 32 رنز کی اننگز کھیل کر ناقابلِ شکست رہے۔ محمد رضوان، صائم ایوب اور عباس آفریدی نے 17، 17 رنز بنائے جبکہ شاہین آفریدی نے 5 گیندوں پر 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ آئرلینڈ کی طرف سے بیری میک کارتھی نے 4 اووز میں 15 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے شاہین آفریدی کو عمدہ بولنگ اور بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ ٹاس کے موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ تین سے چار دن سے پچ کوور تھی، اس لیے بولنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا، ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے تھے، محمد رضوان، صائم ایوب اور فخر زمان پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم اور شاہین آفریدی بھی ایکشن میں ہوں گے، جبکہ عباس آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر بھی پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں