ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلادیش کا بھارت نہ جانے کا فیصلہ برقرار

ڈھاکا(ایجنسیاں) بنگلادیشی میڈیا، کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلادیش نے اپنا فیصلہ تبدیل نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بنگلادیش کے مشیرِ کھیل ڈاکٹر آصف نذرل نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے تحفظات حقیقی ہیں تاہم آئی سی سی نے ان تحفظات اور بنگلادیش کے مؤقف کو تسلیم نہیں کیا۔

ڈاکٹر آصف نذرل نے کہا کہ بنگلادیش کھیلنا چاہتا ہے اور اب بھی امید ہے کہ آئی سی سی ان کے مؤقف پر نظرثانی کرے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بنگلادیشی اسپورٹس ایڈوائزر نے اس معاملے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مشاورت کی تھی۔

دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کے بھارت سے میچز منتقل کرنے کا مطالبہ مسترد کیے جانے پر پاکستان کی جانب سے بھی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر بنگلادیش نے ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان کی جانب سے بھی بائیکاٹ کا امکان موجود ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے باضابطہ طور پر بنگلادیش کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ورلڈ کپ کھیلنے کی صورت میں بنگلادیش کو اپنے میچز میزبان ملک بھارت میں ہی کھیلنا ہونگے، جبکہ کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق بنگلادیش کے انکار کی صورت میں آئی سی سی کسی اور ٹیم کو شامل کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔