ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلہ، جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دیدی

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 163 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو 164 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 156 رنز تک محدود رہی، یوں میچ جنوبی افریقا نے 7 رنز سے جیت لیا۔

انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک 53 اور لیام لیونگسٹن 33 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ جوز بٹلر 17، جونی بیرسٹو 16، فل سالٹ 11 اور معین علی 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا کے ربادا اور مہاراج نے 2، 2 جبکہ بارٹمن اور نوکیا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل افریقا کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک 38 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، اس کے ساتھ ڈیوڈ ملر نے 43، ہنڈرکس 19 بناکر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے 3 جبکہ معین علی اور عادل رشید نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔

سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا یہ دوسرا میچ تھا، دونوں ہی ٹیموں نے اپنے پہلے میچ میں فتح حاصل کی تھی، دوسری فتح کے ساتھ جنوبی افریقی ٹیم اپنے گروپ میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں