اینٹیگا (چودھری اشرف سے) سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں بھارت کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔کپتان نجم الحسن شنٹو کی 40 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، تنزید حسن 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔رشاد حسین نے 10 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیلی، محمود اللہ 13 رنز پر ارشدیپ سنگھ کا نشانہ بنے، شکیب الحسن 11 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کو وکٹ دے بیٹھے۔لٹن داس 13 رنز پر ہاردک پانڈیا کا نشانہ بنے، توحید ہریدوئے 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے، ہاردک پانڈیا ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا تھا۔ہاردک پانڈیا نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور چار چوکے شامل تھے، ویرات کوہلی 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔رشبھ پنت 36 رنز بنا کر رشاد حسین کو وکٹ دے بیٹھے، کپتان روہت شرما 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سوریا کمار یادیو 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسین اور رشاد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، شکیب الحسن ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسن شنٹو نے ٹاس جیت کر روہت شرما الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے، کوشش ہوگی اچھا اسکور بنائیں، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔نجم الحسن شنٹو کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں۔سپر ایٹ مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ اس میچ میں فتح کے ساتھ بھارتی ٹیم کے ورلڈکپ سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
بھارت نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی۔