ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت سے میچ کے بائیکاٹ پر آئی سی سی کا ردِعمل

دبئی (آئی سی سی) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے، آئی سی سی نے کھیل کے اصولوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کیے جانے کی منتظر ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے مخصوص میچز میں شرکت کا مؤقف عالمی کھیلوں کے ایونٹس کی بنیادی روح سے ہم آہنگ کرنا مشکل ہے، جہاں تمام ٹیموں سے شیڈول کے مطابق مساوی شرائط پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔

آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹس کھیل کی سالمیت، مسابقت، تسلسل اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہوتے ہیں، جبکہ مخصوص میچز میں عدم شرکت مقابلوں کی افادیت کو متاثر کرتی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے واضح کیا کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم یہ فیصلہ پاکستان کے کروڑوں شائقین سمیت دنیا بھر کے کرکٹ فینز کے مفاد میں نہیں اور اس سے بین الاقوامی کرکٹ کے نظام پر اثر پڑ سکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کی اولین ترجیح مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے، جس کی ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔آئی سی سی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایسا حل تلاش کرے گا جو باہمی طور پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کر سکے۔