کولمبو(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی20ورلڈکپ کے سب سے بڑے مقابلے کا کاؤنٹ ڈاؤن مکمل ہوگیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ روایتی حریفوں کے درمیان ٹاکرا پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، جہاں بادلوں کے برسنے کا بھی امکان ہے۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک اپنے دو، دو میچز جیت چکی ہیں اور آج کی فاتح ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرے گی۔ بھارتی ٹیم بیٹنگ لائن اپ پر انحصار کرے گی جبکہ گرین شرٹس اپنی مضبوط بولنگ اٹیک کے ذریعے برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان ٹیم نے ہلکی بارش کے باوجود بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی، جبکہ بھارتی اسکواڈ بارش کے باعث مکمل ٹریننگ نہ کرسکا۔
پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے کو سیاسی تناظر کے بجائے خالصتاً کھیل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ ہاتھ ملانے سے متعلق سوال پر انہوں نے مختصر جواب دیا کہ یہ کل معلوم ہو جائیگا۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے انتظار کرلیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں بھارت کا پلڑا بھاری رہا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 8 میچز میں سے 7 میں بھارت کامیاب ہوا جبکہ پاکستان کو ایک فتح ملی۔
ادھر بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث وینیوز کی تبدیلی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ایونٹ سے دستبرداری کے اعلان اور بعد ازاں آئی سی سی کے فیصلوں پر پاکستان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ بعد میں سفارتی رابطوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دی، جس کے بعد دونوں ٹیمیں آج شیڈول کے مطابق میدان میں اتریں گی۔

