ٹی20 ورلڈکپ: بھارت آسٹریلیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

سینٹ لوشیا(چودھری اشرف سے)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے دی۔ کینگروز کی سیمی فائنل تک کی رسائی اب بنگلادیش کے ہاتھوں میں ہے۔

سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔

بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی تو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے لیکن اسکے بعد روہت شرما نے آسٹریلین بولر کا بھرکس نکال دیا۔

روہت شرما نے 41 گیندوں پر 92 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، انکی اننگز میں 8 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ایک اوور میں اسٹارک کو چار چھکے اور ایک چوکا رسید کیا۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔

روہت شرما کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو نے 31، شوم ڈوبے نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہاردیک پانڈیا 27 اور رویندرا جاڈیجا 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس اور مچل اسٹارک نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی۔

ٹریوس ہیڈ 76 رنز بنا کر بھارتی بولرز کےلیے ڈراؤنا خواب بنے رہے۔ کپتان مچل مارش نے 37 جبکہ میکس ویل نے 20 رنز بنا کر ٹریوس ہیڈ کا ساتھ دیا۔

تاہم انکے علاوہ کوئی اور بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کلدیپ یادیو نے دو اہم وکٹیں لیں۔ اکشر پٹیل اور جسپریت بومرا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔

بھارتی کپتان روہت شرما کو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارتی ٹیم اس فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کےلیے بنگلادیش کی افغانستان کے خلاف فتح درکار ہے۔

علم میں رہے کہ اس بنگلادیش اگر افغانستان کو 63 یا اس سے زائد رنز سے ہرانے میں کامیاب ہوگیا تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

اس میچ میں افغانستان کی کامیابی یا پھر بارش ہوجانے کی صورت میں بھی آسٹریلوی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں