ٹی20 ورلڈکپ: نیپال کی شاندار مزاحمت، انگلینڈ صرف 4 رنز سے کامیاب

ممبئی (اسپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد محض 4 رنز سے شکست دے دی، تاہم ایسوسی ایٹ رکن نیپال نے ایک بار پھر ٹیسٹ پلیئنگ ملک کو سخت چیلنج دے کر سب کو متاثر کیا۔

وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے اور نیپال کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔ جیکب بیتھل 55 اور کپتان ہیری بروک 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ نیپال کے دیپندرا سنگھ اور نندن یادیو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیپال نے جاندار کھیل پیش کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 180 رنز بنا کر میچ کو آخری لمحات تک سنسنی خیز بنائے رکھا۔ روہت پاؤڈیل اور دیپیندر سنگھ آئری نے 82 رنز کی اہم شراکت قائم کی، دیپیندر سنگھ آئری 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دونوں بلے بازوں نے خصوصاً عادل رشید کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے شاٹس کھیلے۔

تاہم اہم موقع پر سیم کرن کی آف کٹر پر دیپیندر سنگھ آئری کیچ آؤٹ ہو گئے، جبکہ کچھ دیر بعد روہت پاؤڈیل بھی لیام ڈاسن کی گیند پر ڈیپ میں کیچ دے بیٹھے، جس سے نیپال پر دباؤ بڑھ گیا۔ آخری اوورز میں مطلوبہ رنز کی رفتار تیز ہونے کے باعث نئی جوڑی ہدف حاصل نہ کر سکی۔

یاد رہے کہ نیپال اپنے گروپ کے تمام چار میچز وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گا جہاں ممبئی میں مقیم نیپالی شائقین کی بڑی تعداد اسے سپورٹ کر رہی ہے۔ کپتان روہت پاؤڈیل کا کہنا تھا کہ ایشیائی کنڈیشنز نیپال کے لیے ہمیشہ سازگار ثابت ہوتی ہیں۔