کراچی(سپورٹس ڈیسک) ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شامل پاکستانی پس منظر یا پاکستانی پاسپورٹس رکھنے والے کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یو اے ای، عمان، اٹلی، کینیڈا اور امریکا کی ٹیموں میں شامل گرین پاسپورٹ ہولڈر یا پاکستانی بیک گراؤنڈ والے کرکٹرز کے بورڈز نے آئی سی سی سے رابطہ کیا، تاہم نہ تو آئی سی سی سے کوئی جواب ملا اور نہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو یقین دلایا۔
بورڈز نے مشاورت بھی شروع کر دی ہے اور ویزوں کے حصول کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماضی میں بھی پاکستانی بیک گراؤنڈ والے کرکٹرز کو بھارتی ویزوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے کرکٹرز کو مشکلات کے پیش نظر غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

