پالیکیلے (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ گروپ 2 سے نیوزی لینڈ نے آخری چار ٹیموں کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 213 رنز کا ہدف دیا تاہم قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے حریف ٹیم کو 147 رنز تک محدود کرنا ضروری تھا، جس میں پاکستانی بولرز کامیاب نہ ہوسکے۔پاکستان کی جانب سے مطلوبہ بڑے مارجن سے فتح حاصل نہ ہونے کے باعث نیوزی لینڈ نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
ایونٹ کے دوران نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پاکستان کے خلاف اس کا میچ بارش سے متاثر ہوکر بے نتیجہ ختم ہوا، تاہم سری لنکا کے خلاف بڑی کامیابی نے کیوی ٹیم کا رن ریٹ مستحکم کردیا۔دوسری جانب پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف ناکامی کا سامنا رہا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہونے سے قومی ٹیم کو اہم پوائنٹس حاصل نہ ہوسکے، جو آخرکار سیمی فائنل کی دوڑ سے اخراج کا سبب بنے۔

