لاہور: ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کے وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے کھلاڑیوں میں نسیم شاہ اور عثمان خان شامل ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر مینیجر وہاب ریاض بھی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے ہی مرحلے سے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت 6 کھلاڑیوں نے لندن میں چھٹیاں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم، محمد عامر، عماد وسیم، حارث رؤف، شاداب خان اور اعظم خان نے پاکستان واپسی سے قبل چھٹیاں لندن میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لندن میں قیام کے دوران کھلاڑی فیملی اور دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں گے، جب کہ کچھ کھلاڑی برطانیہ کی لیگز کھیلنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے، قومی ٹیم کی فوری طور پر کوئی مصروفیت نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کوچنگ اسٹاف کو اپنے ممالک واپس جانے کی اجازت دی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرے گا، جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے دوران پاکستان کو گروپ مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور دوسرے میچ میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم ایک آسان ہدف حاصل نہ کرسکی، دونوں شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات کم ہوگئے تھے۔بعد ازاں امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا اور یوں پاکستان کرکٹ ٹیم کا سفر ورلڈکپ میں ختم ہوا۔