دبئی/لاہور (سپورٹس ڈیسک، آئی سی سی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026ء کا آفیشل گانا ’فیل دی تھرل‘ جاری کردیا، جسے بھارتی موسیقار انیرودھ روی چندر نے کمپوز اور پرفارم کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ گانا ٹورنامنٹ کی عالمی شناخت کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اسے دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا ہے تاکہ شائقین میں ایونٹ سے قبل جوش و خروش پیدا کیا جاسکے۔
چیف ایگزیکٹو آئی سی سی سنجوگ گپتا کا کہنا ہے کہ بڑے عالمی ایونٹس کھیل، تفریح اور ثقافت کو یکجا کرتے ہیں اور آفیشل سانگ کا مقصد اسی جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔
دوسری جانب ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی ہے، جہاں لاہور کے کنیئرڈ کالج میں اس کی نمائش کی گئی جبکہ شائقین کے لیے مزید مقامات پر بھی ٹرافی رکھنے کا منصوبہ ہے۔

