پائیدار ترقی کیلئے عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں: اسحاق ڈارکا سیاسی فورم میں خطاب

نیویارک (نمائندہ خصوصی) – پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی سیاسی فورم (HLPF) کے جنرل مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کیلئےاب صرف پانچ سال باقی رہ گئے ہیں، اور اس وقت محض 35 فیصد اہداف ہی درست سمت میں جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا، خوراک، ایندھن اور مالیاتی بحرانوں کے مشترکہ اثرات، اور موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا کو شدید دھچکے پہنچائے ہیں اور ترقی پذیر ممالک کی محنت کو پلٹ دیا ہے۔ ان چیلنجز کے باوجود، پاکستان SDGs کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی قومی ترقیاتی پالیسیاں جیسے “اُڑان پاکستان” مکمل طور پر پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے سماجی تحفظ کے پروگراموں — بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بینظیر نشوونما — کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے۔

وزیر خارجہ نے نوجوانوں کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “ڈیجیٹل یوتھ ہب” کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ دانش اسکول اور نئی جامعات تعلیم کے میدان میں انقلاب لا رہے ہیں۔

ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئےپاکستان نے 2030 تک 60 فیصد قابلِ تجدید توانائی کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ “ریچارج پاکستان” اور “لیونگ انڈس” جیسے منصوبے ملک کی ماحولیاتی مزاحمت کو بہتر بنا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے مالیاتی استحکام کیلئے اہم اصلاحات کی ہیں، اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے “اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل” قائم کی ہے، جو ترجیحی شعبوں میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو فروغ دے رہی ہے۔

” عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت”

اسحاق ڈار نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی قومی کوششیں کافی نہیں ہوں گی، اسلئےعالمی مالیاتی نظام میں گہری اور فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو رعایتی قرض، گرانٹس، قرضوں میں بامعنی ریلیف اور موسمیاتی فنانسنگ میں اضافے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ “کمپرومیسو ڈی سیویل”، جو چوتھی عالمی کانفرنس برائے مالیاتی ترقی میں منظور کیا گیا تھا، ایک واضح روڈ میپ فراہم کرتا ہے جس پر عملدرآمد میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

” اقوام متحدہ کی 80ویں سالگرہ – نیا موقع”

اختتام پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر “UN80 اقدام” ایک ایسا موقع فراہم کرتا ہے جس سے اقوامِ متحدہ کے تین بنیادی ستونوں کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور SDGs کے بروقت حصول کیلئےعالمی عزم کو تازہ کیا جا سکتا ہے۔”میں آپ کا شکر گزار ہوں” کے الفاظ پر اپنا بیان ختم کرتے ہوئے، وزیر خارجہ نے ایک بار پھر عالمی برادری کو مشترکہ تعاون اور فوری اقدامات کی ضرورت کا پیغام دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں