تہران (ایجنسیاں)ایران نے کہا ہے کہ پابندیوں میں نرمی کے معاملے پر ایران اور امریکا کے خیالات مختلف ہیں۔ ایک ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں فریقوں کو پابندیوں کے خاتمے کیلئےمعقول ٹائم ٹیبل پر متفق ہونا ہوگا اور روڈ میپ باہمی مفادات پر مبنی ہونا چاہیے۔
عہدیدار کے مطابق امریکی مطالبے کے مطابق ایران انتہائی افزودہ یورینیم کم کرنے پر غور کر سکتا ہے، اور پُرامن جوہری افزودگی کے بدلے ایران علاقائی افزودگی کنسورشیم کے قیام پر بھی غور کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں اور عبوری معاہدے تک پہنچنے کا امکان موجود ہے، سفارتی حل سے ایران اور امریکا دونوں کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔
زیر غور معاشی پیکج میں امریکا کو ایرانی تیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کی پیشکش شامل ہے، تاہم ایران اپنے تیل اور معدنی وسائل کا کنٹرول کسی کے حوالے نہیں کرے گا۔ امریکی کمپنیاں صرف ٹھیکیدار کے طور پر ہی ایرانی تیل اور گیس فیلڈز میں کام کر سکتی ہیں۔ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات کا اگلا دور مارچ میں متوقع ہے۔

