پابندی یا آرٹیکل 6 لگانے سے پہلے قوم کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، میاں جاوید لطیف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ پابندی یا آرٹیکل 6 لگانے سے پہلے کابینہ سے زیادہ قوم کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

اپنے بیان میں میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ادارے قوم کو بتائیں پاکستان کے خلاف سازشوں کے ان کے پاس کیا ثبوت ہیں؟ فارن فنڈنگ کے ثبوت بتائے جائیں سائفر کے ثبوت قوم کے سامنے رکھے جائیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کس طرح بانی پی ٹی آئی کو پاپولر کرنے کیلئے ارینجمنٹ کی گئی، قوم کو بتایا جائے اس شخص نے ملک میں انتشار پیدا کرنے کا کوئی موقع جانے نہیں دیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انتشار پھیلانے کے علاوہ اداروں کے اندر بغاوت کیلئے لوگوں کو کیسے اکسایا؟ یہ بھی قوم کو بتانا ہوگا، یہ بھی بتایا جائے 6 ہزار دہشت گردوں کو کس کی ایماء پر اور کیوں چھوڑا گیا؟

میاں جاوید لطیف نے مزید کہا کہ ادارے اور حکومت کوئی بھی اقدام لینے سے پہلے شواہد قوم کے سامنے رکھیں، اس کے بعد ایکشن لینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں