پانچ سال بعدپاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز اسلام آباد سے مانچسٹر پہنچ گئی

مانچسٹر (قاسم علی چوہدری سے) پانچ سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) کی پرواز PK-9713 آج اسلام آباد سے مانچسٹر ایئرپورٹ پہنچ گئی، جس کے ساتھ ہی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہِ راست فضائی آپریشن کی تاریخی بحالی کا آغاز ہوگیا۔

مانچسٹر ایئرپورٹ پر اس موقع پر پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی میں زبردست خوشی اور جوش و خروش کی فضا دیکھی گئی۔ پرواز کے استقبال کیلئے رکن برطانوی پارلیمنٹ یاسمین قریشی، رکن پارلیمنٹ افضل خان، پاکستانی قونصل جنرل مانچسٹر احمد امجد علی، اور ہمارے نمائندہ خصوصی قاسم علی چوہدری موجود تھے۔

ائیرپورٹ پر کیک کاٹنے کی ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں پی آئی اے عملے، کمیونٹی رہنماؤں اور برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ تقریب میں شرکاء نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفری روابط کی بحالی کو ایک “اہم سنگِ میل” قرار دیا۔

رکنِ پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا”یہ پرواز صرف ایک سفری سہولت نہیں بلکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے دلوں کو وطن سے جوڑنے کا ذریعہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں لاہور اور اسلام آباد دونوں سے مزید براہِ راست پروازیں بحال ہوں گی۔”

رکنِ پارلیمنٹ افضل خان نے اس موقع پر کہا کہ”ہمیں خوشی ہے کہ پی آئی اے نے کمیونٹی کے مطالبے کو سنا۔ یہ اقدام کاروبار، سیاحت اور خاندانی ملاقاتوں میں آسانی پیدا کرے گا۔”

پی آئی اے کے نمائندے نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں لندن، برمنگھم اور گلاسگو کیلئے بھی پروازوں کے شیڈول پر غور جاری ہے۔

ائیرپورٹ پر پہنچنے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ اس تاریخی بحالی پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ایک مسافر نے کہا، “پانچ سال بعد پی آئی اے کے ذریعے براہِ راست پاکستان سے اڑان لینا ایک جذباتی لمحہ ہے، جیسے گھر کی خوشبو واپس آ گئی ہو۔”

ذرائع کے مطابق، پی آئی اے کی مانچسٹر کیلئےبراہِ راست سروس 2019 میں بند ہوئی تھی، جس کی بحالی کا اعلان حال ہی میں پی آئی اے انتظامیہ اور پاکستانی وزارتِ ہوابازی نے کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں