پاکستان، جنوبی افریقا ویمنز ٹی20 سیریز کا آغاز آج سےہوگا

کیپ ٹاؤن (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمن ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ پہلے میچ سے قبل پاکستان ویمن ٹیم نے بھرپور پریکٹس سیشن کیا اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی۔

2021 کے بعد پاکستان ویمن ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کر رہی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان مختصر فارمیٹ کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ سیریز کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 24 ٹی20 میچز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں جنوبی افریقا کو مجموعی برتری حاصل ہے۔ تاہم 2023 میں کراچی میں کھیلی گئی سیریز میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کی پچز تیز رفتار بولرز کے لیے سازگار ہیں اور یہ سیریز جون میں انگلینڈ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم ثابت ہوگی۔