اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دونوں ملکوں کے درمیان امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے کیلئے ’’پری امیگریشن کلیئرنس‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلئےجلد باضابطہ معاہدے کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات کے ڈی جی کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پائلٹ منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس نظام کو مرحلہ وار مزید مقامات تک توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ معاہدے کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور کلیئرنس پاکستان میں ہی مکمل ہوگی، جس کے بعد مسافروں کو متحدہ عرب امارات میں امیگریشن کی طویل کارروائی سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافر یو اے ای پہنچنے پر ڈومیسٹک مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے۔

