سڈنی (نمائندہ خصوصی) – پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے ایک بار پھر فلسطین کے حق میں کھل کر آواز بلند کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم انتھنی البنیز سے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عثمان خواجہ نے کہا کہ”مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم انتھنی البنیز میں یہ ہمت ہے کہ وہ بڑا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، مگر وزیراعظم کو اس سے بھی آگے جانا ہوگا۔”
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ جرات مندانہ قدم اٹھائیں اور ایسا فیصلہ کریں جو تاریخ میں یاد رکھا جائے۔عثمان خواجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ نہ تو سیاسی ہے اور نہ ہی مذہبی، بلکہ یہ سراسر انسانیت کا معاملہ ہے۔ان کے بقول”سب سے پہلے فلسطینی عوام کیلئے خوراک اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔”
عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ دو سال قبل جب انہوں نے فلسطین کے حق میں بات شروع کی تھی تو بعض حلقوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ کسی خاص گروہ کے خلاف ہیں، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔انہوں نے واضح کیا”میں کرکٹر ہوں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں بات نہیں کر سکتا۔ میرا موقف صرف اور صرف انسانیت کیلئےہے۔”
عثمان خواجہ کے اس بیان کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور امن پسند حلقوں نے سراہا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ آسٹریلوی حکومت جلد مزید عملی اقدامات کرے گی۔

