پاکستانی کوہ پیماؤں نے پہلی مرتبہ ہندوکش کی بلند ترین چوٹی تریچ میر سر کرلی

چترال/گلگت (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے کوہ پیماؤں نے پہلی مرتبہ ہندوکش پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی تریچ میر (7,708 میٹر) سر کرلی۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نامور کوہ پیما سرباز خان اور عابد بیگ اس تاریخی اعزاز کے حامل پہلے پاکستانی بن گئے۔

یہ مہم خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر انجام دی گئی۔ ٹیم کی قیادت ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس عمر ارشد خان نے کی۔

سخت موسمی حالات اور برفانی طوفان کے باعث دیگر پانچ کوہ پیما 7,300 میٹر بلندی تک محدود رہے جبکہ سات کوہ پیماؤں نے 7,000 میٹر کا فاصلہ طے کرلیا۔ ٹیم میں ڈاکٹر نوید اقبال، میجر محمد عاطف، شمس القمر اور اکمل نوید بھی شامل تھے، جبکہ انتہائی بلندی پر مدد فراہم کرنے والے تجربہ کار ہائی ایلٹی چیوڈ پورٹرز حسن، شہزاد، یونس اور عارف نے اہم کردار ادا کیا۔

سرباز خان نے کامیابی کے بعد گفتگو میں کہا کہ یہ اعزاز پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔ “میں دنیا کے تین بڑے پہاڑی سلسلوں — ہندوکش، قراقرم اور ہمالیہ — کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والا واحد پاکستانی ہوں۔”

ڈائریکٹر عمر ارشد خان نے کہا کہ “آج تاریخ رقم ہوئی ہے، تریچ میر کی سرکشی سے دنیا بھر کے کوہ پیما اور سیاح اب چترال اور خیبرپختونخوا کا رخ کریں گے، جس سے مقامی معیشت اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملے گا۔”

تریچ میر چوٹی سر کرنے کے اس مہم میں 60 سے زائد مرد و خواتین ٹریکرز، 100 سے زائد مقامی پورٹرز اور گائیڈز بھی شامل رہے۔ حکومتِ خیبرپختونخوا نے اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے سال 2025-26 کو “تریچ میر ایئر” قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں