پاکستانی ہائی کمشنرکینیڈا محمد سلیم نے سینٹ کٹس و نیویس کی گورنر جنرل کو اسنادِ سفارت پیش کر دیں

باسےٹیئر (نمائندہ خصوصی)باسےٹیئر میں پاکستانی ہائی کمشنرکینیڈا محمد سلیم نے 9 جولائی 2025 کو گورنر جنرل ڈیم مارسیلا اے لبرڈ کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا ہے.

پاکستان کے ہائی کمشنر برائے کینیڈا، جناب محمد سلیم نے 9 جولائی 2025 کو فیڈریشن آف سینٹ کٹس و نیویس کی گورنر جنرل ڈیم مارسیلا اے لبرڈ (GCMP, JP) کو اپنے اسنادِ سفارت (Letters of Credence) باسےٹیئر میں گورنمنٹ ہاؤس میں ایک پُروقار تقریب کے دوران پیش کیے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور سینٹ کٹس و نیویس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ گورنر جنرل نے محمد سلیم کو بطور سفارتی نمائندہ خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید بہتری لائے گی۔

ہائی کمشنر محمد سلیم نے گورنر جنرل کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان مختلف شعبہ جات، خصوصاً تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت میں سینٹ کٹس و نیویس کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر نے گورنمنٹ ہاؤس کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دوستی، احترام اور ترقی کے اصولوں پر مزید مضبوط ہوں گے۔

پاکستان اور سینٹ کٹس و نیویس کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے محمد سلیم کی بطور سفیر تقرری اہم سنگ میل تصور کی جا رہی ہے، جو مستقبل میں باہمی تجارت، تعلیم اور سیاحت جیسے شعبوں میں بھی نئے دروازے کھول سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں