اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی نجکاری کے حتمی بولی کا عمل آج اسلام آباد میں ہوگا۔اس بولی کی تیاریاں ایک نجی ہوٹل میں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چھ ممکنہ بولی دہندگان میں سے صرف بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم نے ایڈوانس رقم جمع کرائی ہے، جس کی نجکاری کمیشن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے۔پی آئی اے کی خریداری کیلئے بولیوں کا جمع کروانا اور کھولنا کل کے روز ہی مکمل ہوگا۔ اس نجکاری عمل میں مکمل قانونی تقاضوں کی پاسداری کی جائے گی۔
پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں ملازمین سے متعلق نئے مطالبات بھی سامنے آئے ہیں۔ سینٹ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ بولی دہندگان پی آئی اے کے ملازمین کے فوری برطرفی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور 76 فیصد شیئرز کے حصول کے ساتھ، حکومت سے ٹیکس ادائیگیوں کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔
نجکاری کمیشن نے ملازمین کو کم از کم دو سے تین سال تک برطرفی سے محفوظ رکھنے کی شرائط پر بات چیت کرنے کی کوشش کی ہے، مگر بولی دہندگان نے اس میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے ملازمین کو برقرار رکھنے یا پنشن کے ذمہ داریوں کو قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔پی آئی اے کی نجکاری پر ہونے والی بولی کو ملازمین کے تحفظ کے حوالے سے واضح منصوبے کی عدم موجودگی پر تنقید کا سامنا ہے۔