لاہور:انڈر 18 ایشیاء کپ میں پاکستان نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔فائنل پاکستان اور جاپان کے مابین کھیلا جائے گا۔ انڈر 18 ایشیاء کپ میں پاکستان نے شوٹ آؤٹ کے ذریعے ملائشیا کو 3-4 سے شکست دی۔

چین کے شہر دازھو میں کھیلے جانے والے انڈر 18 مینز ایشیاء کپ کے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے ملائشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے دوران شوٹ آؤٹ کے زریعے تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی۔مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیمیں 3-3 گول سے برابر تھیں۔ پاکستان کی جانب سے پہلا گول عبداللہ اعوان نے جبکہ دو گول حسان شہباز نے سکور کئے۔ جبکہ ملائشیا کی جانب سے تینوں گول محمد سفان نے سکور کئے۔

مقررہ وقت کے اختتام تک دونوں ٹیمیں 3-3 گول سے برابر رہیں بعد ازاں شوٹ آؤٹ کے زریعے پاکستان نے ملائشیا کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی خاں نے قومی انڈر 18 ٹیم کو فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فائنل میچ 13 جولائی بروز اتوار کو پاکستان اور جاپان کے مابین کھیلا جائے گا۔


