پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد: پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آئی ٹی، معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف بھی اس موقع پر تقریب میں موجود تھے، دونوں ملکوں میں آئندہ پانچ سال کے لیے ثقافتی تبادلے کے پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم سوملین ڈالر ہے، ہم نے تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی امور میں پاکستان آذربائیجان کے خیالات میں ہم آہنگی ہے، تمام اہم مسائل پر ہم ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آذربائیجان کاز کی حمایت کی ہے، ان کے کشمیر سے متعلق اصولی موقف کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دوسری جانب آذربائیجان کے صدرنے کہا کہ دونوں ملک ہرایشو پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان نے ہماری دوستی کے ناطے آرمینیا سےسفارتی تعلقات قائم نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے، مختلف شعبوں میں دونوں ملک دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، دفاعی صنعت کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔

الہام علیوف نے کہا کہ معاشی و تجارتی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں معاہدوں کا تبادلہ ہوا ہے، ترجیحی تجارت کے معاہدے سے باہمی تجارت کے حجم میں اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں