لاہور اور فیصل آباد کے علاقوں میں پانی اور صفائی کی سہولیات بہتر بنانے کیلئے یورپی یونین کی گرانٹ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)حکومتِ پاکستان اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (AFD) کے درمیان ایک کروڑ 20 لاکھ یورو (12 ملین یورو) کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کا مقصد پنجاب کے شہری علاقوں میں پانی اور صفائی کی خدمات کو مؤثر بنانا ہے۔
وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور، اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔معاہدے پر دستخط سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز، فرانسیسی سفیر نکولس گیلی، اور اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر ونسنٹ تھیونو نے کیے۔
یہ گرانٹ یورپی یونین کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، جسے اے ایف ڈی کے توسط سے استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں حکومتِ پنجاب، یورپی یونین، اور دیگر شراکت داروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
یہ منصوبہ خاص طور پر لاہور اور فیصل آباد کی واسا ایجنسیز کی گورننس، سروس ڈیلیوری، اور آپریشنز کو بہتر بنانے کیلئےڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں تین بڑے پہلو شامل ہیں ہاؤسنگ، اربن ڈیویلپمنٹ، اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری اور نفاذ میں تکنیکی معاونت دی جائے گی۔جدید ٹیکنالوجی، سسٹمز اور بزنس ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔
ڈیجیٹل اور شفاف فیصلہ سازی واسا کے اندر ڈیٹا پر مبنی اور شفاف فیصلہ سازی کیلئےآلات کی خریداری اور سسٹمز کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے گی۔سروس ڈیلیوری اور مالیاتی استحکام آپریشنل کارکردگی، مالی پائیداری، اور عوامی خدمات کی رسائی میں بہتری لائی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان میں شہری ترقی کے مسائل سے نمٹنے، پانی و صفائی کے انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانے، اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کیساتھ تعاون کو فروغ دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ اقدام نہ صرف شہری معیارِ زندگی بہتر بنائے گا بلکہ پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔یہ معاہدہ پاکستان کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے جو نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ شہری سہولیات کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری اور تعاون کی وسعت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

