پی او اے کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے نیشنل گیمز کی ٹارچ پنجاب اولمپک کے سینئر نائب صدر
احمر ملک جبکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے ٹارچ قومی ہیرو اولمپئین ارشد ندیم کے حوالے کی
تقاریب میں نیشنل گیمز کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ڈی جی سپورٹس پنجاب
اور اولمپئنز نے مشعل کے ہمراہ ڈبل ڈیکر بس پر لاہور کا ٹور کیا
نشترپارک سپورٹس کمپلیکس اور دیگر مقامات پر 35ویں نیشنل گیمز کی
تیاری کیلئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس جاری ہیں،ڈی جی سپورٹس پنجاب
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام 35ویں نیشنل گیمز کی ٹارچ ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ پہلی تقریب کے مہمان خصوصی سینئر نائب صدر پنجاب اولمپک احمر ملک جبکہ اگلے روز تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خضر افضال چوہدری تھے۔ قومی ہیرواولمپئین ارشد ندیم،فائقہ ریاض،ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، معروف اولمپئنز، قومی ہیروز اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال نے مشعل اولمپئن ارشد ندیم کے حوالے کی،ارشد ندیم نے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹارچ کے ساتھ پنجاب سٹیڈیم کا چکر لگایا،ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری اور اولمپئنزنے ٹارچ کے ہمراہ ڈبل ڈیکر بس پر لاہور شہر کا ٹور کیا۔ پی او اے کے سیکرٹری جنرل خالد محمود کا کہنا تھا نیشنل گیمز کا ملک گیر ٹوور کامیابی سے جاری ہے، چاروں صوبوں میں مشعل کے استقبال کیلئے تقاریب منعقد کی گئیں امید ہے حکومت سندھ کی میزبانی میں ہونے والی قومی کھیلیں ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوں گی۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا دستہ صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر کی سربراہی میں بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرے گا، پنجاب کے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں ہرممکن سہولیات مہیا کی گئی ہیں، انشاء اللہ پنجاب کے کھلاڑی گولڈ میڈل لائیں گے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری پنجاب کی ٹیموں کیلئے تربیتی کیمپس میں بہت محنت کررہے ہیں۔
ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری نے کہا ہے کہ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس اور دیگر مقامات پر 35ویں نیشنل گیمز کی تیاری کیلئے پنجاب کے دستہ کے تربیتی کیمپس جاری ہیں، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور سپورٹس ایسوسی ایشن کے کوچز مل کر کھلاڑیوں کو ٹریننگ کروا رہے ہیں، ہماری تیاری بہت اچھی ہے امید ہے ہماری کارکردگی پچھلے نیشنل گیمز سے کافی حد تک بہتر ہوگی،پنجاب کا490 رکنی دستہ 3 اور 4 دسمبر کو کراچی روانہ ہو گا۔
اولمپئن ارشدندیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 35ویں نیشنل گیمز کی ٹارچ ریلی کیلئے خوبصورت تقریب کا انعقاد کرنے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کا شکرگزار ہوں،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب مجھے ٹریننگ کیلئے گراؤنڈ فلڈ لائٹس سمیت بھرپور سہولیات فراہم کر رہا ہے،جس پر میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب اور ڈی جی سپورٹس پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

