پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے کوالیفائیڈ کوچ اور ریفری پہلے اولمپک کونسل آف ایشیا (OCA) – ایشین مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن (AMMA) ڈیویلپمنٹ پروگرام برائے کوچز اور ریفریز میں پہلی بار شرکت کر رہے ہیں، جو 25 سے 27 اگست 2025 تک بحرین میں منعقد ہو رہا ہے۔
یہ تاریخی پروگرام ایشیا کی 30 نیشنل اولمپک کمیٹیوں کے 57 کوچز اور 51 ریفریز کی 11 ماہر انسٹرکٹرز کی رہنمائی میں ہو رہا ہے جو بلاشبہ ایشیا میں مکسڈ مارشل آرٹس کی ترقی اور پیشہ ورانہ معیار کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈاکٹر اسریٰ وسیم، پاکستان کی پہلی کوالیفائیڈ خاتون انٹرنیشنل ایم ایم اے ریفری، کو انٹرنیشنل ریفری ڈیویلپمنٹ کورس میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا ہے جبکہ مزمل علی، ایم ایم اے کوچ انٹرنیشنل کوچز ڈیویلپمنٹ کورس میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اس تاریخی موقع پر پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پی او اے نے ہمارے ریفریز اور کوچز کو اس اہم پروگرام میں شرکت کیلئے سلیکٹ کیا۔ یہ نہ صرف پاکستان میں ایم ایم اے کیلئےایک بڑی کامیابی ہے بلکہ مستقبل میں اس کھیل کی ترقی کی بنیاد بھی ہے ہم سب مل کر پاکستان میں ایم ایم اے کے فروغ کیلئےکام جاری رکھیں گے۔ پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن دونوں نمائندوں کو اس اعزاز پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے کہ وہ اس عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی کامیاب نمائندگی سے کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

