لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیم مئی میں پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام ( ایف ٹی پی ) کا حصہ ہے جو دراصل تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں پر مشتمل تھی تاہم آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی طور پر ون ڈے میچوں کی جگہ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔ پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
فیصل آباد کا اقبال سٹیڈیم جس نے گزشتہ سال ستمبر میں افتتاحی چیمپئنز ون ڈے کپ اور گزشتہ ماہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی، سیریز کے پہلے اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بالترتیب 25 اور 27 مئی کو کرے گا۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد جو اس سے قبل 1978 سے 2008 کے درمیان 24 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچوں کی میزبانی کر چکا ہے، 17 سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو خوش آمدید کہے گا۔ اس سٹیڈیم میں آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2008 میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ تھا۔ لاہور کا قذافی سٹیڈیم 30 مئی، یکم جون اور 3 جون کو بقیہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرے گا۔
بنگلہ دیشی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی اور 22 سے 24 مئی تک اقبال سٹیڈیم میں تربیتی سیشن کرے گی۔
پاکستان بنگلہ دیش سیریز کا شیڈول۔( سیریز کے پانچوں میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔)
21 مئی بنگلہ دیش کی ٹیم کی آمد۔
25 مئی ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ قبال اسٹیڈیم فیصل آباد۔
27 مئی۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد ۔
30 مئی ۔تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔قذافی سٹیڈیم لاہور۔
یکم جون ۔چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ قذافی سٹیڈیم لاہور۔
3 جون ۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ قذافی سٹیڈیم لاہور۔