پاکستان میں متعدد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ سروسز میں دشواری کے ساتھ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک ( وی پی این) تک محدود رسائی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔خیال رہے کہ وی پی این اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب ملک میں کوئی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن بند ہو۔
اگست میں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی ( پی ٹی اے) نے وی پی این کے استعمال پر سختی شروع کردی تھی، جس کا مقصد پہلے سے پابندی کا شکار مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ تک رسائی کو محدود کرنا تھا۔اتوار کے روز پاکستان میں متعدد ایکس صارفین نے پلیٹ فارم پر لکھا کہ وی پی این کی رفتار کو کم کیا جارہا ہے اور اس کی رسائی کو محدود کیا جارہا ہے۔
انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی بندش کو مانیٹر کرنے والی سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صارفین نے وی پی این سروسز ’وی پی این انلمیٹڈ‘ اور ’ٹنل بیئر‘ پر سروس میں تعطل کی شکایت کی، سائٹ پر درج کی گئی تمام شکایات کا تعلق ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک سے کنیکٹ ہونے میں مشکلات کے حوالے سے تھا۔
ویب سائٹ پر موجود گراف میں دیکھا گیا ہے کہ وی پی این ان لمیٹڈ کے صارفین سروسز میں تعطل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے جس میں 10 رپورٹس شام 6 بج کر 15 منٹ پر درج کی گئی ہیں، اسی طرح ٹنل بیئر کے صارفین نے رات 7 بج کر 29 منٹ پر وی پی این کے حوالے سے شکایات درج کروائیں۔
ڈان ڈاٹ کام نے پی ٹی اے سے سروس میں تعطل کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔کچھ ایکس صارفین نے پاکستان میں اب بھی فعال وی پی این سروسز کی فہرستیں پوسٹ کرنا شروع کی ہیں جبکہ ڈان ڈاٹ کام کے کچھ عملے کو بھی وی پی این کی سروسز سے کنیکٹ ہونے کے بعد مسائل کا سامنا کیا۔