اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) – چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور اب تک 25 لاکھ افراد کا انخلاء کیا جا چکا ہے۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ دریائے ستلج، چناب اور راوی میں صورتحال قابو میں ہے اور سندھ میں تمام ادارے این ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ سندھ میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور پنجاب حکومت کو 9 ہزار ٹینٹ فراہم کیے گئے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ آئندہ دو تین دن میں ختم ہو جائے گا، تاہم 16 اور 18 ستمبر کو جنوبی پنجاب میں بارش کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیشیئرز کے تیز پگھلنے اور بند ٹوٹنے سے کچھ علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ امریکی وفد کی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں اور متاثرین کی جلد بحالی کیلئے اقدامات جاری ہیں، آئندہ ممکنہ آفات سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

