کراچی: پاکستان میں کاروں کی فروخت 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مالی سال میں 81 ہزار 577کاریں فروخت ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق افراطِ زر میں بتدریج کمی کے ساتھ آٹو فنانسنگ کی مانگ میں اضافہ ہوا، پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ کاروں کی فروخت 18 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
پاما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں جون میں سالانہ 138فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، مالی سال میں 81 ہزار 577 کاریں فروخت ہوئیں۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا کہ جون 2023 میں 4 ہزار257 یونٹس کےمقابلے میں جون 2024 میں 10ہزار128 یونٹس فروخت ہوئے، جون 2024 میں گاڑیوں کی فروخت 19 فیصد ماہانہ اضافے سے 10 ہزار 128 یونٹس رہی۔
پاما نے مزید بتایا کہ 1300سی سی اورزائد کی گاڑیوں کی فروخت 174فیصد اضافے سے 4 ہزار522یونٹس رہی جبکہ 1000 سی سی گاڑیوں نے 898 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی۔
جون 2024 میں بسوں اور ٹرکوں کی فروخت 299 یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ جیپوں اور پک اپ کی فروخت 1 ہزار 776 سے بڑھ کر 3 ہزار 156 یونٹس ہوگئی۔