اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل فواد امین بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ پاک بحریہ نے چین کے تعاون سے سمندر کی تہہ میں گیس کے وسیع ذخائر دریافت کر لئے ہیں۔
“پس منظر اور انکشاف”
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سینئر صحافی حامد میر نے ریٹائرڈ ایڈمرل فواد امین بیگ کا ایک کلپ شیئر کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سمندر معدنیات اور وسائل کی دولت سے مالا مال ہے، تاہم بدقسمتی سے ابھی تک ان وسائل کو نکالنے کی صلاحیت پیدا نہیں کی جا سکی۔
انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ کے سربراہ کی ہدایت پر چین کی مدد سے کیا جانے والا سروے یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے پاس زیرِ سمندر گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔
“سرمایہ کاری کی ضرورت”
فواد امین بیگ کا کہنا تھا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان لایا جائے تاکہ وہ سرمایہ اور ٹیکنالوجی فراہم کریں اور ان وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
“چیلنجز اور سیکیورٹی خدشات”
حامد میر کے ایک سوال پر کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے خلاف دشمن سازشیں کر سکتا ہے، ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل نے کہا کہ جب بھی وسائل سے متعلق کوئی خبر آتی ہے تو سیکیورٹی واقعات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو بھگانے کی کوشش کی جاتی ہے، تاہم پاکستان کی نئی دفاعی حکمت عملی اور ایس آئی ایف سی کے تحت فوجی و سیاسی قیادت ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
“امریکی شراکت داری”
واضح رہے کہ 31 جولائی 2025 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا اور پاکستان نے ملک میں تیل کے وسیع ذخائر کی ترقی کیلئے معاہدہ کیا ہے اور اس وقت اس آئل کمپنی کا انتخاب کیا جا رہا ہے جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔
“قبل ازیں انکشافات”
گزشتہ سال 6 ستمبر 2024 کو میڈیاپر خبر تھی کہ پاکستان نے ایک دوست ملک کے تعاون سے 3 سالہ سروے مکمل کیا، جس میں یہ ثابت ہوا کہ پاکستان کے پاس تیل اور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور ان کے مقام اور حجم کا تعین بھی کر لیا گیا ہے۔

