پاکستان نے بھارتی وزیر کھیل کے منہ پر طمانچہ مارا:رکنِ پارلیمنٹ پریانکا چترویدی

نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک)انتہا پسند ہندوتوا تنظیم شیوسینا (یو بی ٹی) کی رکنِ پارلیمنٹ پریانکا چترویدی نے پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے پر ردِعمل ظاہر کیا ہے۔پریانکا چترویدی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان جرمانہ ادا کرنے اور ان تمام نتائج کا سامنا کرنے کو تیار ہے جن کا ذکر بھارتی وزیرِ کھیل نے کیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ بھارتی وزیر کھیل اور بی سی سی آئی کے منہ پر طمانچہ ہے کہ آئی سی سی میں سب سے مضبوط اور امیر ترین ادارہ ہونے کے باوجود پاکستان نے بائیکاٹ کیا اور بھارت اس پر کوئی مؤقف اختیار نہیں کر سکتا۔واضح رہے کہ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دی ہے، تاہم بنگلادیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ٹیم 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔