پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو جواب دیا جائیگا:بھارت

مظفرآباد / نئی دہلی(نمائندہ خصوصی /ایجنسیاں)ہندوستانی فوج نے اتوار کے روز پاکستان کو ایک “ہاٹ لائن پیغام” کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ حالیہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کو دہرانے کی صورت میں نئی دہلی کی جانب سے سخت ردِ عمل دیا جائیگا۔ یہ پیغام ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (DGMO) کی جانب سے بھیجا گیاہے۔

یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی جب دونوں ممالک نے ہفتے کی رات ہونے والی خلاف ورزیوں کیلئےایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرایا لیکن 24 گھنٹے بعد جنگ بندی بظاہر مؤثر دکھائی دی۔

ہندوستانی فوج کے اعلیٰ افسر نے رائٹرز کو بتایا کہ “ہم نے پاکستان کو مطلع کر دیا ہے کہ اگر جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کی گئی، تو بھرپور اور سزا دینے والا ردِعمل دیا جائے گا۔”

DGMO کا کہنا تھا کہ ہندوستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور خود ہندوستان پر جنگ بندی کی پہلی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ معاہدے کی پاسداری کر رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت میں پہل نہیں کی گئی۔

امریکہ اور اقوام متحدہ دونوں فریقین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔امریکی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے سفارتی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں