راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 115 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، بابر اعظم 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 36، صاحب زادہ فرحان نے 23 اور کپتان سلمان علی آغا نے 14 رنز اسکور کیے، فخر زمان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے پاون رتھنایک نے 2 جبکہ وانندو ہاسارنگا اور ایشان مالینگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستانی باؤلرز کی شاندار کارکردگی کے باعث سری لنکن ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کامل مشارا اور کوسال مینڈس کی 64 رنز کی شراکت کے بعد لنکن بیٹر یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 2 جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

