پاکستان ہائی کمشنر محمد سلیم اورقونصل جنرل پاکستان انجینئرخلیل باجوہ کی خصوصی شرکت
ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی) 30 اپریل 2025 پاکستان نے سیال کینیڈا 2025 میں اپنی زرعی و غذائی مصنوعات کی اعلیٰ سطح پر نمائش کر کے بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر اپنی موجودگی کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ یہ نمائش 28 سے 30 اپریل تک ٹورنٹو کے اینرکیر سینٹر میں منعقد ہوئی، دنیا بھر سے 77 ممالک کے 1000سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی اور 21000سے زائد وزیٹرز کی آمد متوقع تھی۔
اس سال پاکستان کا پویلین ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے تعاون سے قائم کیا گیا، جس میں خوراک اور زرعی کاروبار سے وابستہ نمایاں اداروں نے شرکت کی۔ پاکستانی کمپنیوں نے اعلیٰ معیار کے چاول، مصالحہ جات، گلابی نمک، خشک میوہ جات، آم سے بنی مصنوعات، اور ویلیو ایڈیڈ خوراکی اشیاء پیش کیں، جنہیں بین الاقوامی خریداروں اور مہمانوں نے بے حد سراہا۔پاکستانی ہائی کمشنر جناب محمد سلیم نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا،قونصل جنرل پاکستان انجینئرخلیل باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
شرکاء کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کی زرعی و غذائی برآمدات کی بڑھتی ہوئی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سفارتخانے کی جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، اور “فوڈ ڈپلومیسی” کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سیال کینیڈا دراصل تین اہم شعبوں—سیال فوڈ، سیال گروسری رینٹ، اور سیال پیکیجنگ—کا امتزاج ہے، جو خوراک کی صنعت کے مختلف اور پیچیدہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔
ٹورنٹو میں پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے منعقدہ B2B نیٹ ورکنگ ایونٹ میں 50 سے زائد کاروباری اداروں نے شرکت کی، جہاں پاکستانی برآمد کنندگان کو کینیڈا اور شمالی امریکہ کے درآمد کنندگان، ریٹیلرز، اور ڈسٹری بیوٹرز سے روابط قائم کرنے کا بہترین موقع میسر آیا۔ اس اقدام نے طویل المدتی تجارتی شراکت داریوں کیلئے راہیں ہموار کیں۔سیال کینیڈا 2025 میں پاکستان کی بھرپور شرکت نے عالمی خوراکی منڈی میں اس کی حیثیت کو بطور ایک ابھرتے ہوئے کلیدی شراکت دار کے مزید مستحکم کیا۔ پاکستان نے نہ صرف اعلیٰ معیار کی اور حیاتیاتی (آرگینک) مصنوعات پیش کیں بلکہ مسابقتی قیمتوں کے ساتھ بین الاقوامی منڈی میں اپنی جگہ بنانے کے عزم کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔