پاکستان واپڈا نے نیشنل چیلنج کپ جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان واپڈا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خان ریسرچ لیبارٹریز کو شکست دے کر نیشنل چیلنج کپ فٹ بال کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ واپڈا نے مسلسل تیسری بار یہ اعزاز حاصل کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

فائنل میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول محمد ثمنان نے اسکور کیا۔ میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔تیسری پوزیشن کے مقابلے میں ایس اے گارڈنز نے پینلٹی ککس پر پاکستان آرمی کو شکست دی۔

فاتح واپڈا کو 10 لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی، جبکہ رنر اپ خان ریسرچ لیبارٹریز کو ساڑھے سات لاکھ روپے اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ایس اے گارڈنز کو 5 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔

اختتامی تقریب میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ محسن گیلانی سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

دوسری جانب قومی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو میچ کے آغاز کے درست وقت سے لاعلمی کے باعث تاخیر سے گراؤنڈ پہنچے اور انہوں نے بروقت اطلاع نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا۔