پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کا چیمپئن بن گیا، افغانستان کو فائنل میں 75 رنز سے شکست

شارجہ (اسپورٹس ڈیسک+ نیوز ایجنسیاں) —پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں گرین شرٹس نے افغانستان کو 75 رنز کے بڑے فرق سے ہرایا۔

پاکستان کے 142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سمیت 5 وکٹیں حاصل کیں۔ صفیان مقیم اور ابرار احمد نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ لی۔ افغان ٹیم کے 9 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ کپتان راشد خان 17 اور صدیق اللہ اتل 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 141 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان 27، محمد نواز 25، کپتان سلمان علی آغا 24، صائم ایوب 17 اور حسن نواز و فہیم اشرف 15،15 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد حارث ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بناسکے، جبکہ صاحب زادہ فرحان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے اسپنرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ کپتان راشد خان نے 3، نور احمد نے 2 اور اے ایم غضنفر نے ایک وکٹ لی۔ فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی نے 19 رنز دے کر 2 شکار کیے۔

“چیئرمین پی سی بی کی مبارکباد”
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسپنر محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور آل راؤنڈ پرفارمنس نے میچ کا رخ پلٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کم اسکور کے باوجود شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور افغانستان کو فیصلہ کن میچ میں شکست دی۔

چیئرمین پی سی بی نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان علی آغا اور تمام کھلاڑیوں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم ایشیا کپ 2025 میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں